کوئٹہ ( صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنے کی سزادینے کے لیے بلوچستان کو جنگ کا اکھاڑہ بنا نا چاہتا ہے ، کشمیر ی بلوچستان کے غیرت مند عوام کو سلامی پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے صوبے میں بھارت کی در پردہ جنگ کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے ، بلوچ عوام بھارتی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کوئٹہ میں چوتھی نیشنل سیکیورٹی ورکشاب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام سبز ہلالی پرچم ہاتھوں میں اُٹھا کر اُس پاکستان کے لیے اپنے سینے پر گولیاں کھا رہے ہیں جس کا ایک حصہ بلوچستان بھی ہے ۔ اس لیے ہمیں یقین ہے کہ بلوچستان اور پورے پاکستان کے عوام کشمیریوں کو اُن کی جدوجہد میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ اہل کشمیر نے پاکستان کے ساتھ ملنے کے لیے 1947ء سے لے کر اب تک پانچ لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور آج بھی کشمیر کا نوجوان بھارتی فوج کی گولی سینہ میں کھا کر خود تو زمین پر گرتا ہے لیکن پاکستان کے پرچم کو گرنے نہیں دیتا ۔