لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے، مانیٹرنگ ڈیسک) نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اورمبینہ منی لانڈرنگ کیس میں صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف کو2جون کوطلب کرلیا،ترجمان نیب کے مطابق شہبازشریف کومفصل سوالنامہ گزشتہ پیشی پر فراہم کیا اور مناسب وقت بھی دیا گیا ،شہبازشریف کی خواہش پرانہیں زیادہ وقت فراہم کیا تاکہ بیرون ملک سے ریکارڈ حاصل کر سکیں،شہباز شریف کی نیب پیشی سے متعلق مفروضے پھیلائے جا رہے ہیں،شہباز شریف کی پیشی کے حوالے سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے ہیں جن میں سماجی فاصلہ، سینی ٹائزرز کی فراہمی،ٹیبل پر گلاس وال کی تنصیب اور سوال جواب کے دوران CIT ممبران کیلئے ماسک کے استعمال کی پابندی پر بھی عمل درآمد کیا جائیگا۔نیب لاہور کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر تمام انٹرویو رومز کو جراثیم کش سپرے سے باقاعدہ صاف بھی کیا جا رہا ہے ،چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایات کے مطابق تمام میگا کرپشن کے مقدمات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔