لاہور(جوادآراعوان)پنجاب اسمبلی میں حکومتی جماعت کے ممبران پر مشتمل سپریمیسی آف پارلیمنٹ گروپ اپنے اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس پر کنٹرول چاہتے ہیں جبکہ ترقیاتی فنڈز کی بلا روک ٹوک فراہمی بھی انکا مطالبہ ہے ۔سیکرٹریٹ وزیر اعلیٰ پنجاب سے منسلک اعلی عہدیدران نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور حکومتی جماعت کے ممبران پر مشتمل سپریمیسی آف پارلیمنٹ گروپ کے درمیان ہونے والی ملاقات کا احوال روزنامہ 92نیوز سے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی اور شمالی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران پنجاب اسمبلی تحریک انصاف چاہتے ہیں کہ انکے متعلقہ اضلاع میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ انکے کنٹرول میں ہو ،انکے اور انکے بھیجے ہوئے لوگوں کے کام بلا روک ٹوک کئے جائیں اور انکے اضلاع میں صوبائی بیوروکریسی کے دو اہم انتظامی ادارے ان سے مشاورت کے بغیر کوئی اقدام نہ لیں،ترقیاتی فنڈز کی فراہمی میں سست روی یا عدم فراہمی سے بھی پارٹی کی پوزیشن متاثر ہو رہی ہے ،ان مسائل کا فوری سد باب پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے ضروری ہے ،بیوروکریسی ترقیاتی فنڈز کے معاملات پر سرخ فیتے کی پالیسی کو ختم کرے اور منتخب نمائندوں کو نیچا دکھانا چھوڑ دے تو مسائل جلدحل ہو سکتے ہیں،وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ بیوروکریسی ان سے مکمل تعاون کرے گی ،اس حوالے سے بیوروکریسی کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں،جو افسران منتخب نمائندوں کو انکا جائز مقام نہیں دیں گے انکے خلاف جواب طلبی ہو گی، ملاقات کرنے والوں میں غضنفر عباس،محمد علی رضاخان خاکوانی،مامون تارڑ،خواجہ داؤد سلیمانی، عامر عنایت شہانی، احسن جہانگیر، صاحبزادہ غزین عباسی، تیمور علی لالی، غضنفر عباس شاہ، سردار محی الدین خان کھوسہ، سردار شہاب الدین خان اور اعجاز حسین شامل تھے جبکہ صوبائی وزراء راجہ بشارت،چودھری ظہیر الدین اور رکن پنجاب اسمبلی سید عباس شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔