اسلام آباد( آن لائن ) اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں آٹے کے مصنوعی بحران پیدا کر کے اربوں روپے کمانے والی مافیا کو کٹہرے میں لایا جائے ۔منافع خور مہنگائی سے پریشان عوام کو لوٹ کر غربت اور بے چینی میں اضافہ کر رہے ہیں۔منافع خوروں کے گوداموں میں پڑی گندم کی قیمت راتوں رات دگنی کیسے ہو گئی اسکی تحقیق ضروری ہے ۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ گنے اور گندم کی پیداوارملکی ضروریات سے زیادہ ہونے کے باوجود مصنوعی بحران پیدا کر کے اربوں روپے کمائے گئے ۔ملکی تاریخ کے اس بڑے ڈاکے میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جس تیزی سے غربت بڑھ رہی ہے اسی تیزی سے اشرافیہ کے اثاثوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس عدم مساوات کے خاتمہ کے لئے بالواسطہ ٹیکسوں کا نظام ختم کر کے براہ راست ٹیکس عائد کئے جائیں تاکہ غریب پیٹ بھر کر کھانا کھا سکیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ اہم فصلیں کاشت کرنے والوں کو بھی استحصال سے بچایا جائے ۔