نئی دہلی ( نیٹ نیوز)چھ سال کی عمر میں بالوں کی خراب کٹنگ کا اس قدر دکھ ہوا کہ بھارتی لڑکی نیلانشی پٹیل نے آئندہ کبھی بال نہ کٹوانے کی ٹھان لی اور حیران کن طور پر اس ضد نے نیلانشی کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرادیا۔17 سالہ نیلانشی پٹیل کو 18 سال سے کم عمر افراد میں دنیا میں سب سے لمبی زلفیں رکھنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ان کے بالوں کی لمبائی 6 فٹ اور2.8 انچ ( 190 سینٹی میٹر) ہے ۔ لمبے گیسوؤں کی بدولت نیلانشی کو ان کی دوستیں مشہور افسانوی کردار ’رپنزل‘ کے نام سے پکارتی ہیں۔نیلانشی نے بتایا کہ جب وہ چھ برس کی تھیں تو حجام نے ان کے بال اس برے طریقے سے کاٹے کہ انہیں بال کٹوانے سے ہی نفرت ہوگئی۔ جس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ کبھی بال نہیں کٹواؤں گی۔جب نیلانشی پٹیل سے ان کے لمبے بالوں کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ ایسا خاص تیل استعمال کرتی ہیں جو کہ ان کی والدہ خاص اجزاء سے تیار کرتی ہیں۔ مجھے اپنے بالوں سے بہت محبت ہے اور میں انہیں کبھی نہیں کٹوانا چاہوں گی۔