نئی دہلی( نیٹ نیوز) معروف بھارتی خاتون صحافی کیساتھ ہارورڈ میں نوکری کے نام پر دھوکہ ہوگیا ۔ ٹی وی اینکر سائبر جعلسازی کا شکار ہوگئیں، غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے موصول ملازمت کی پیشکش پر انہوں نے بھارت میں اپنی ملازمت کو خیر باد کہہ دیا تاہم بعد ازاں یہ پیشکش جعلسازی نکلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق نیوز اینکر ندھی رازدان کو کچھ ماہ قبل دنیا کی معروف امریکی درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں انہیں یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر آف جرنلزم بننے کی پیشکش ہوئی۔ندھی نے وہ پیشکش قبول کرتے ہوئے ٹی وی کے ساتھ اپنی 21 سالہ ملازمت کو خیر باد کہا اور ہارورڈ جانے کی تیاریاں کرنے لگیں، لیکن اب انہیں معلوم ہوا کہ یہ ای میل فراڈ پر مبنی تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے ندھی کا کہنا ہے کہ جعلسازوں نے ان کے ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کرلی ہے اور میں نے تمام ثبوت پولیس کو فراہم کردئیے ہیں جو اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ ہارورڈ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو بھی تمام معاملے سے آگاہ کیا جاچکا ہے ۔