ممبئی (نیٹ نیوز)تندوتیز بیانات کے باعث خبروں میں رہنے والی بالی ووڈ اداکارہ نے ملکی فلم انڈسٹری کو گٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انڈسٹری بالکل نشے میں دھت ہے ،انہوں نے لوگوں کو اس جھوٹی دنیا سے نکلنے کا مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا اس فریبی دنیا کو سمجھنے کیلئے بہت زیادہ ذہنی پختگی درکار ہے ۔قبل ازیں انہوں نے انڈسٹری کے 99 فیصد افراد پر منشیات لینے کاالزام لگایا تھا۔اداکارہ نے بھارتی جمہوریت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا یہاں انقلابی آوازوں کو دبایا جا رہا ہے ، حکومت،سیاستدانوں اور طاقتور افراد پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس جمہوریت میں دو طبقے ہیں جو حفاظت کر رہے ہیں اور جن کی حفاظت کی جا رہی ہے ۔سوشانت خودکشی کیس کے معاملے پر مہاراشٹر حکومت پر تنقید کرنے پرممبئی میونسپل کارپویشن نے کنگنا کے آفس اور گھر کو تجاوزات قرار دیکر توڑ دیا تھا،جس پر انہوں نے ریاستی وزیراعلیٰ ادے ٹھاکرے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا میرے گھر کی طرح تمہارا غرور بھی ٹوٹے گا،آواز اٹھانے پرمجھ پر مسلسل حملے کئے گئے ، خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن مجھے کمزور سمجھنے کی غلطی مت کرنا۔اداکارہ نے ادے ٹھاکرے اور ہدایتکار کرن جوہر کو بے نقاب کرنے کا اعلان بھی کیا، جسکے بعدان پر ممبئی میں مقدمہ درج کرا دیا گیا۔مقدمہ درج ہونے کے بعد کنگنا نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور اپنے تحفظات کا اظہارکیاتھا۔