لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے شعبہ میڈیکل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل نے استعفیٰ دیدیا ہے ۔ترجمان پی سی بی کے مطابق ڈاکٹر سہیل نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی کو بھجوادیا ہے ، ان کا استعفی ابھی منظور نہیں کیا گیا اوراس معاملے پر بورڈ چیئرمین اور سی ای او فیصلہ کریں گے ۔ڈاکٹر سہیل پی ایس ایل میں بائیو سیکیورببل کے معاملات پر تنقید کی زد میں تھے ، جس کے باعث انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی کو بھجوایا ہے ۔ترجمان پی سی بی کے مطابق ڈاکٹر سہیل نے ایک ماہ کانوٹس دیا ہے اور وہ اس دوران کام جاری رکھیں گے ۔ وہ اس دوران انکوائری سے تعاون کے پابند ہوں گے ۔ ڈاکٹر سہیل بطور میڈیکل سربراہ پی ایس ایل کے دوران کورونا سے بچاؤ کے لئے سکیور بائیو ببل کے ذمہ دار تھے مگر مبینہ طورپر اس میں کوتاہی دیکھنے میں آئی اور سات کھلاڑیوں کا کورونا مثبت آگیا جس کے بعد پی ایس ایل ملتوی کرنا پڑی۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے تنقید کے بعد اپنے عہدہ سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا۔ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے پی سی بی کے ساتھ وابستہ تھے ۔