لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اپوزیشن بجٹ پر تنقید کرکے عوام سے دشمنی کررہی،سیاسی تماشا کی ہرساش ناکام ہوگی۔وزیراعلیٰ سے گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت اور چودھری ظہیر الدین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، بجٹ اجلاس، ورکنگ ریلیشن اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ نے بجٹ اجلاس کے دوران اسمبلی کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے پر چودھری پرویز الٰہی کی تعریف کی ۔چودھری پرویز الٰہی نے عوام دوست بجٹ پر وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہا ۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار560 ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے ۔اپوزیشن عوام دوست بجٹ پر تنقید کرکے عوام سے دشمنی کر رہی ہے ۔ سیاسی تماشا لگانے کی ہر سازش کو ملکر ناکام بنایاہے ۔عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے اتحادی جماعت سے مل کر کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔چودھری پرویز الہی نے اس موقع پر کہا کہ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں۔ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے پنجاب اسمبلی میں اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں ۔وزیر اعلیٰ سے خواتین اراکین اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیر اعلیٰ سے 100 سے زائد اراکین اسمبلی سے ملے اور ان کے مسائل سنے ۔منتخب نمائندو ں نے بہترین اور عوام دوست بجٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا۔