لاہور ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،خبر نگار خصوصی ، 92نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ پٹرول بم گرانے کے ایک ہفتے کے اندر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے ، ٹویٹ میں کہا کہ کیا حکومت نے عوام کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ نااہلی کے عذاب کا ہر ہفتے مقابلہ کرسکیں؟ غریب کیسے زندہ رہے ؟ عوام کا خون چوسنا نالائق اعظم سے بہتر کوئی نہیں جانتا،اس شخص کا وزیراعظم کی کرسی پر گزارا گیا ایک ایک لمحہ عوام پر بھاری ہے ۔ تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 7 سال سے تم وکیل تبدیل کر رہے ہو، اپیل کر رہے ہو ، اب یاد آئی ہے اوپن سماعت کی ، تھوڑا صبر کرو ، اب تو بہت کچھ اوپن ہونے کو ہے ۔ (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو فارن فنڈنگ کیس عوام کے سامنے اوپن کرنے کے دعوے پر عمل درآمد کا چیلنج دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خان صاحب 24 گھنٹے گزر چکے آپ نے ابھی تک اوپن سماعت کی درخواست کیوں نہیں دی ؟ دریں اثنا (ن) لیگ نے کشمیر ڈے کو بھرپور طریقے سے منانے اور آزاد کشمیر کے الیکشن میں بھی بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔ماڈل ٹائون میں (ن) لیگ کا اہم اجلاس ہوا جس میں کشمیر ڈے کو پانچ فروری کے بجائے چار فروری کو منانے کا فیصلہ کیا گیا،5 فروری کو پی ڈی ایم راو لپنڈی میں کشمیر ڈے کے حوالے سے مشترکہ جلسہ کریگی ۔اجلاس سے خطاب،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم کو اب براہ راست کوریج کا یاد آیا، یہ شوق بھی پورا کر لیں ،اب حساب دیں ۔ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ جتنے پیسے براڈ شیٹ کو دیئے گئے پاکستانی ہائی کمیشن کے اکاؤنٹ میں اتنے پیسے نہیں ہوتے ، ضرور کوئی حکومتی شخص براڈ شیٹ کے سربراہ سے ملا ہوا ہے ، حکومت کو براڈ شیٹ میں پیسے دینے کی اتنی جلدی کیا تھی ۔