مکرمی ! ملک کا کوئی حصہ ایسا نہیں ہوگا جہاں پر بجلی کی چوری نہ ہورہی ہو،اسی طرح مانگا منڈی لیسکوسب ڈویژن میںبھی بجلی چوری عروج پر ہے۔ لیسکو سب ڈویژن کے عملہ کی ملی بھگت سے لاکھوں روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے۔ قابل میٹر ریڈر جو میٹر انسپکٹر کے عہدے پر فائز ہیں وہ بڑی مہارت سے ڈیٹیکش کے نام پر عام شہریوں سے کھاتا پورا کرتے ہیں جس بنا پر عام صارف ناجائز اووربلنگ کے عذاب میں مبتلا ہے۔لائن مین سے لے کر لائن سپریٹنڈنٹ تک اور پھر ایس ڈی اوتک پورے کا پورا عملہ ہی بجلی چوری کواپنے لئے باعث فخرسمجھتا ہے کیونکہ اس بجلی چوری کے عوض ان کو بھاری بھرکم رقم ملتی ہے۔ میری ارباب اختیار سے التماس ہے کہ بجلی چوری روکنے کے لیے نئے بننے والے قانون پر عمل کروایا جائے، بجلی چوروں کو کڑی اور سخت سزا دی جائے۔ تاکہ عام شہریوں کو بجلی چوروں کے حصے کی ادائیگی سے نجات مل سکے۔ (ڈاکٹرمحمدعدنان،لاہور)