لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی نے قومی بجلی نظام میں بجلی کے خاطرخواہ اضافے کے پیش نظر ترسیلی نظام کو محفوظ بنانے کیلئے اسے مزید چھوٹے حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں ٹیکنیکل سٹڈی کروانے کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ سسٹم کی حفاظت کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ملک کے شمالی حصے میں ٹرپنگ سے بجلی کی جزوی بندش سے بچا جاسکے ۔ یہ فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس چیئر مین بورڈ آف ڈائریکٹرز بابر اقبال کی زیرصدارت ہوا۔ بورڈ نے این ٹی ڈی سی مینجمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ پاور بریک ڈاؤن کی مکمل تحقیقات، تجزیہ کر کے وجوہات کا تعین کریں اور مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جائے تاکہ سسٹم کو بچایا جاسکے ۔