لاہور (سٹاف رپورٹر)حکومت کی جانب سے بجلی و گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے ۔حکومت کو عوام کوریلیف دینے اورمہنگائی ،بیروزگاری اورمعاشی بدحالی سے نجات دلانے کیلئے مثبت اقدامات کرنے ہونگے ۔ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیاجائے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویثرنل صدرسردار محمد طاہر ڈوگر نے ’’بجلی کے نرخوں میں اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت‘‘ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ مہنگائی میں پسے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ۔حکومت اپنی نا کام معاشی پالیسیوں کا ملبہ عوام پر مہنگائی کی صورت میں ڈال رہی ہے ۔ ایک سال کے دوران حکومت گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافہ کرچکی ہے اور ہر ماہ بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔موجودہ حکومت نے بھی ماضی کی حکومتوں کی پالیسی برقراررکھتے ہوئے آئی ایم ایف کے قرضوں کی ادائیگی کیلئے بجلی سمیت دیگر بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کاراستہ اختیارکیاہے جو افسوسناک ہے ۔ تبدیلی کے نام پر اقتدار حاصل کرنیوالی حکومت ملک سے غریبوں کو ختم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ گیس اور پیٹرول بم کے بعد اب عوام پر بجلی گرائی گئی ہے ۔ مہنگائی کے عذاب سے دوچار غریب عوام کیلیے اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔