اسلام آباد( سپیشل رپورٹر) وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں کاٹن کی بحالی اور اس شعبے میں ملکی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے حوالے سے تمام متعلقین کے درمیان پائے جانے والے اتفاق رائے پر اطمینا ن کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاٹن کی بحالی سے کسان اور ٹیکسٹائل کے شعبے کو فائدہ پہنچے گاجس کے نتیجے میں ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوملک میں کپاس کی بحالی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کاٹن کے شعبے میں ریسرچ کو موثر بنانے کے لئے پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی تنظیم نو ، سیڈ سیکٹر میں اصلاحات اور سیڈز کی منظوری کے عمل کو آسان، تیز تر اور سہل بنانے کا فیصلہ کیا گیا، پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے لئے ریسرچ انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا فیصلہ بھی ہوا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے غیرملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان لامحدود مواقع کی سرزمین ہے ، حکومت روزگار پیدا کرنے کے لئے ہنرمندی کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے جس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔مزیدبرآں وزیراعظم سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں اٹارنی جنرل کی نئی ذمہ داریوں خصوصاً سپریم کورٹ میں زیر سماعت قاضی فائز عیسی کیس پر غور کیا گیا ۔ وزیر اعظم نے اٹارنی جنرل سے اس کیس میں حکومت کی نمائند گی کے حوالے سے بات چیت کی ۔