لاہور،پشاور(کامرس رپورٹر،نیوز رپورٹر)شہرلاہور میں آٹے کا بحران برقرار ہے ، بیشتر مارکیٹوں اور بازاروں میں آٹے کا بیس کلوکا تھیلا کم پڑ گیا ہے جبکہ کھلا آٹا مارکیٹ میں ساٹھ روپے تک فی کلومیں ہی فروخت ہو رہا ہے ، ۔ آٹا چکی مالکان نے ضلعی انتظامیہ کے کریک ڈاؤن کیخلاف غیرمعینہ مدت کے لیے ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت شہرمیں آٹا بحران پرقابو نہیں پا سکی، شہریوں کو مارکیٹ میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا دستیاب نہیں جبکہ چکی آٹا پچاس سے ساٹھ روپے فی کلومیں ہی فروخت ہوتا رہا۔ لاہورآٹا چکی اونرز نے دو روز قبل آٹے کی قیمت میں دوروپے کی کمی کی جسکے بعد آٹا اڑسٹھ روپے فی کلو میں فروخت ہونا شروع ہوگیا لیکن ضلعی انتظامیہ نے آٹا چکی مالکان کوسرکاری کوٹہ فراہم کرکے فی کلو آٹا پینتالیس روپے میں فروخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے اور کریک ڈاؤن بھی شروع کر دیا ، اس وجہ سے آٹا چکی مالکان نے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کر دی۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت مارکیٹوں اور بازاروں میں آٹے کی فراہمی یقینی بنائے ۔آٹا چکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹر ی جنرل عبدالرحمٰن نے کہاکہ حکومت مذاکرات نہیں رہی ،اب ہم ڈی سی سے مذاکرات نہیں کرینگے ۔ہڑتال جاری رکھیں گے جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ۔ اب ہم وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر خوراک سے نیچے کسی سے بات بھی نہیں کرینگے ۔ادھرپشاور میں چینی کی فی کلو قیمت میں 7روپے کا اضافہ ہو گیا اور آٹے کے بعد شہر میں چینی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ بھی ہے جبکہ سرکاری طور پرملنے والا آٹا غیر معیاری ہونے پر اسکی فروخت بھی جزوی طور پرکم ہو گئی ۔ یوٹیلٹی سٹورز پر ملنے والی چینی چائے فروشوں میں فروخت کی جارہی جس کے باعث یوٹیلٹی سٹورز پر بھی چینی نایاب ہو گئی ۔