اسلام آباد (این این آئی) پاک بحریہ کے سربراہ نے کہاہے کہ پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک بحریہ ہر لمحہ تیارہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 48ویں پی این سٹاف کورس کے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں پاک بحریہ کے 64،پاک آرمی کے 3اور پاک فضائیہ کے 5 آفیسرز نے ماسٹرز اِن وار سٹڈیز (میری ٹائم) کی ڈگریاں حاصل کرلیں ۔پاک بحریہ کے 64جبکہ پاک آرمی کے 3اور پاک فضائیہ کے 5 آفیسرز نے ماسٹرز اِن وار سٹڈیز (میری ٹائم) کی ڈگریاں حاصل کیں۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گریجو ایٹنگ آفیسرز میں 16دوست ممالک کے 23 غیرملکی آفیسرز بھی شامل تھے جو پاکستان کے بین الاقوامی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا مظہر ہے ۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے ڈگری حاصل کرنے والے گریجو ایٹنگ آفیسرز بشمول غیر ملکی آفیسرز کو مبارک باد دی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاکہ مسلمانوں کو ہمیشہ عددی لحاظ سے بڑے دشمن کے خلاف کامیابی اﷲ پر یقین کامل اور پختہ ایمان کے باعث حاصل ہوئی۔نیول چیف نے کہاکہ پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لئے ہر لمحہ مستعد و تیارہے - نیول چیف نے جیو اسٹریٹیجک انوارِمنٹ اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی روشنی ڈالی ۔