اسلام آباد،کراچی (سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان سے بحرین کے نیشنل گارڈز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے منگل کو ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجو د تھے ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطہ کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیر اعظم نے کہا پاکستان بحرین کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی میدان اور دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے بحرین کے بادشاہ کی جانب سے وزیر اعظم کو بحرین کے دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے بحرین کے بادشاہ کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء وزیر اعظم نے منگل کو کرتار پورہ راہداری اور سوات موٹروے کے منصوبہ کی پراگریس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر،وزیر اطلاعات فواد چودھری،وزیر مذہبی امور نورالحق قادری ،وزیر مواصلات مراد سعید ،وزیر اعظم کے مشیر ذوالفقار عباس ذلفی ،دفتر خارجہ کے ترجمان اور اعلی عسکری قیادت نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو کرتار پور اور سوات موٹر وے کے منصوبوں پرتازہ صورتحال کاجائزہ لیاگیا ۔اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے منصوبوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے سندھ میں عوام رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم سندھ کے 3 روزہ دورے پر 29 مارچ کو کراچی پہنچیں گے ۔ وزیراعظم کراچی پیکج کا اعلان کریں گے جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ،وزیراعظم 30 مارچ کو گھوٹکی میں جلسہ سے خطاب کریں گے ۔ وزیر اعظم آئندہ چند روز میں کوئٹہ اور گوادر کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ اور نئے پیکجز کا اعلان کریں گے ۔