اوکاڑہ/لیہ /جڑانوالہ/ کو ئٹہ (ڈسٹرکٹ رپورٹرز، تحصیل رپورٹراین این آئی)بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر ماڑہ کے قریب گزشتہ روز دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 4 شہدا ء آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیئے گئے ،نیوی افسران زین العابدین کو اوکاڑہ کے علاقہ رینالہ خورد، علی رضا کو جڑانوالہ ، جوان علی اصغر سکنہ کیچر کالونی فتح پور کو کو لیہ، کوسٹ گارڈ کے سپاہی ذوالفقار مری کو پڈ عیدن میں سپرد خاک کر دیا گیا۔زین العابدین اور علی رضا کومکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خا ک کیا گیا، شہید علی اصغر کی نماز جنازہ لیہ کے میلاد گراؤنڈ فتح پورمیں اداکی گئی ، تدفین آبائی قبرستان میں ہوئی،پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، شہید علی اصغر کے سوگواروں میں2 بیوائیں ، چار بیٹے اورایک بیٹی شامل ہیں۔سپاہی ذوالفقار مری کو پڈعیدن میں نماز جنازہ کے بعد آبائی گاؤں پٹھان مری کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔