لاہور،راولپنڈی،ملتان،منڈی بہاؤالدین ، پشاور(جنرل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر،وقائع نگار،خبرنگار ،مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت کی تمام کوششوں کے باوجود راولپنڈی میں ڈینگی بے قابو ہوگیا اورڈینگی کے مرض میں مبتلامزید 2مریض جان کی بازی ہار گئے جبکہ لاہور میں بھی ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا، 24 گھنٹے کے دوران مزید 7 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔گزشتہ روزنئے مریضوں میں ڈینگی تصدیق کے بعد صوبائی دارلحکومت میں رواں برس کیسز کی تعداد 42 ہوگئی۔ نئے مریضوں میں 35سالہ عائشہ ، 3سالہ نعمان ، 16 سالہ دعا راشد، 70سالہ مسز مسرت ، 8سالہ واعز اور 39سالہ محمد عمران شامل ہیں جو کہ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔راولپنڈی میں بینظیر بھٹو ہسپتال میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید 63مریضوں کو ڈینگی کے شبہ میں ڈینگی وارڈ میں داخل کر لیا گیا ،ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 216ہوگئی ہے ۔گزشتہ روز ہولی فیملی ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں زیر علاج آزادکشمیر کی 27سالہ صوبیہ اور اسلام آباد کے 38 سالہ عمیر دم توڑ گئے اور انکی میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں ۔راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد2200سے تجاوز کر گئی۔ دوسری طرف محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے ڈینگی کی مزید ادویات منگوالی ہیں۔ڈی جی ہیلتھ پنجاب نے ترکی سے ڈینگی ہیموریجک فیور کے مریضوں کیلئے 500 ڈرپس درآمد کرکے ہائی رسک اضلاع میں ترسیل کا کام بھی شروع کردیا ہے ۔دریں اثنارائیونڈ میں پنجاب تائیجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور نجی شاپنگ مال میں ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر دونوں کی انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کرکے انکو سیل کردیا گیا۔ادھرملتان میں نشتر ہسپتال میں زیر علاج مزید 3 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔ علاوہ ازیں منڈی بہاؤالدین میں بھی تین مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیئے گئے ۔خیبر پختو نخوا میں ڈینگی مریضوں کی تعدادمیں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ،مزید 3اضلاع ٹانک ،ڈی آئی خان اورلکی مروت کو ڈینگی نے لپیٹ میں لے لیا ۔صوبے میں ڈینگی کے مزید 192 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں پشاور کے 88 نئے کیسز بھی شامل ہیں۔کراچی میں بھی ڈینگی کے 31نئے کیسز سامنے آگئے جس سے کراچی سمیت صوبہ سندھ میں 2ہزار کے قریب ڈینگی کے مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔