کراچی(سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں)سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب آج کرا چی میں ہوگی جس کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں تاہم بلاول بھٹو کے کورونا میں مبتلا ہونے پر منگنی کے رنگ پھیکے پڑ گئے ۔ذرائع کے مطابق منگنی کی تقریب میں آصفہ اوربختاوربھٹو کی سہیلیاں اور خاندان کے قریبی افرادشریک ہونگے ۔بختاور نے منگنی کی تقریب کیلئے خصوصی لباس ڈیزائن کرایا جبکہ منگنی کیلئے یونس چودھری اور محمود چودھری فیملی کراچی پہنچ گئی ۔ محمود چودھری فیملی کے 13سے زائد افراد کراچی پہنچے ہیں جبکہ محمود چودھری کے خاندان کی مہمان داری کیلئے بلاول ہائوس کا عملہ مقرر کردیا گیاہے ۔تقریب کیلئے بلاول ہائوس کو ڈس انفیکٹ کرایاگیا ہے ۔منگنی کی تقریب بلاول ہائوس کے اوپن ایریا میں ہو گی اور سجاوٹ کرنیوالے عملے نے تمام کام مکمل کرلیاہے ۔کیٹرنگ کمیٹی کے تعینات سٹاف اور بلاول ہائوس کے تمام عملے کے کورونا ٹیسٹ بھی لئے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ہسپتال میں زیرعلاج آصف زرداری تقریب میں کچھ دیر کیلئے شرکت کرینگے جبکہ بلاول بھٹو زرداری گھر کے مخصوص حصے میں قرنطینہ میں ہیں اورانکے ہمشیرہ کی منگنی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا قوی امکان ہے ۔منگنی کی تقریب میں صرف مخصوص لوگ اور دونوں خاندانوں کے افراد شریک ہونگے جبکہ بلاول بھٹو ٹیلیفون کے ذریعے رابطے میں ہونگے ۔تقریب میں شرکت کرنیوالے مہمانوں کو موبائل فون رکھنے اور تصاویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دعوت نامے کے مطابق تمام مہمانوں کو صرف بلاول ہاؤس کے آفیشل فوٹوگرافر کی بنائی گئی تصاویر فراہم کی جائینگی۔بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ منگنی تقریب میں بلاول کی شرکت ڈاکٹرز کی اجازت سے مشروط ہوگی۔علاوہ ازیں بختاور نے اپنی منگنی سے قبل ہی تقریب کی جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کئے جانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان ویڈیوز کا ان سے کوئی لینا دینا نہیں۔