لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بہن بھائیوں کی مددہمارا فرض ہے ،پنجاب میں وافر گندم اورآٹا موجودہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے سٹاک سے خیبرپختونخوا کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم فراہم کرے گی اور یہ اقدام خیبرپختونخوا میں آٹے کی قلت کو دور کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ضروری اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چکی آٹے کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں وافر گندم کے سٹاک موجود ہیں اور آٹے کی بھی کوئی قلت نہیں۔میں نے خود مختلف شہروں کے دورے کرکے آٹے کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا ۔سیکرٹری خوراک نے آٹے کے نرخوں اور سپلائی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں دوسرے اجلاس میں دوسرے لاہور بینالے 2020 کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر لاہور ڈویژن نے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیاکہ لاہور بینالے کی افتتاحی تقریب 26 جنوری کولاہور کے حضوری باغ میں ہو گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی لاہور بینالے کا افتتاح کریں گے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لاہور بینالے کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔لاہور بینالے کی اختتامی تقریب 29 فروری کو شالا مارباغ میں ہو گی۔لاہور بینالے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ثقافتی ایونٹ ہو گا اوراس پروگرام میں 40 ممالک کے 88 بین الاقوامی آرٹسٹ حصہ لیں گے ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کا مرکز ہے ۔ثقافت اور سیاحت کو معاشی ترقی کے لئے فروغ دینا ہماری ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور بینالے جیسے ایونٹ کا پنجاب کے دل لاہور میں انعقاد پاکستان کے سافٹ امیج کواجاگر کرے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی فوکس کیا جائے اور ایونٹ اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کی آمد کو مد نظر رکھ کر موثر ٹریفک پلان مرتب کیا جائے ۔دریں اثنا ایک اور اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلا کی ہنگامہ آرائی اورتوڑ پھوڑ کے واقعہ اورپولیس کردار کے بارے میں انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر نے انکوائری رپورٹ پیش کی۔وزیراعلیٰ نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پی آئی سی کے ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اورغفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقبون نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوسری طرف وزیراعلیٰ نے مظفر گڑھ کے علاقے سیت پور کے سکول میں جھولا گرنے سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا اورکمشنر ڈیرہ غازی خان اورسیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی۔