اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان آج کیا جائے گا۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا آج بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس ہو گا جس میں تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے ۔تمام فیصلوں کا اعلان دن 12:30 بجے پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا 25نومبر سے سکول بند کرنیکی تجویز ہے ۔ان کا کہنا تھا تجویز ہے کہ کیمپس کے بجائے گھر پر پڑھائی شروع کی جائے ۔ اساتذہ سکول آئیں، بچے آن لائن پڑھیں اور جہاں آن لائن کا بندوبست نہیں وہاں بچے ایک دن سکول آکر ہوم ورک لے جایا کریں۔ وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ وزارت تعلیم اور ریڈیو پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جسکے تحت ریڈیو کے ذریعے بچوں کی تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔ریڈیو سکول کے تحت روزانہ 4 گھنٹے تعلیمی موادنشر کیا جائے گا۔ریڈیو پاکستان پر تعلیمی مواد صبح 10 سے 12 بجے تک نشر کیا جائے گا جبکہ یہ دوپہر2 سے 4 بجے دوبارہ بھی نشر کیا جائے گا۔ حکومت جلد ای ایجوکیشن پورٹل شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جس کے ذریعے عوام صرف ایک کلک کے ذریعہ ٹیلی سکول اور ریڈیو سکول کے پروگراموں تک رسائی حاصل کر سکیں گے ۔