اسلام آباد(نامہ نگار)چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے ہماری انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کامیاب رہی جس کے باعث نیب نے بدعنوان عناصر سے 539 ارب روپے ریکور کئے ہیں۔ نیب ہیڈکوارٹرز میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا نیب نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی نگرانی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ نیب نے سینئر سپر وائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جس کا مقصد ٹھوس شواہد اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر انکوائری اور انویسٹی گیشن کے معیار میں بہتری لانا ہے ۔ گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ اجلاس کے دوران بتایا گیاکہ نیب کو اپنے قیام سے اب تک 5 لاکھ ایک ہزار 723 شکایات وصول ہوئیں جن میں سے 4 لاکھ 91 ہزار 358 شکایات نمٹا دی گئیں۔ نیب نے 16 ہزار 188 شکایات کی جانچ پڑتال اور 10 ہزار297 انکوائریوں کی منظوری دی جن میں سے 9 ہزار260 انکوائریاں مکمل کی گئیں۔