اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں ،نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کیلئے نیب کی کرپشن فری پاکستان پر ایمان کی پالیسی پر قومی فرض سمجھ کر عمل کر رہے ہیں، نیب کی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم ہونے سے انکوائری اور انویسٹی گیشن کے معیار میں بہتری آئی ہے ، احتساب عدالتوں میں نیب کے مقدمات میں سزا کی شرح 70 فیصد ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب افسران بدعنوانی کے خلاف جنگ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح نے آئین ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں بدعنوانی اور اقرباء پروری کو بڑی برائیاں قرار دیا، نیب افسران کی محنت، حوصلے ، شفافیت اور میرٹ کو معتبر قومی اور بین الاقوامی ادارے سراہ رہے ہیں، نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان سے معصوم پاکستانیوں کی لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو دگنا کریں۔ 2019ء کے دوران بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 153 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں، نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 328 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔