پشاور(خبر نگار) خیبر پختونخوا میں تعینات افسر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے پیسے وصول کرنے والے اپنی بیگمات سے ہی انکاری ہوگئے ،گریڈ17 سے گر یڈ20 تک خیبر پختونخوا میں تعینات افسران نے موقف اختیار کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ہماری بیگمات نے پیسے نہیں لئے ،مختلف کالجز اور سکولز میں تعینات سینئر خواتین ٹیچر نے موقف اختیار کیا کہ یہ پیسے انہوں نے نہیں لیے بلکہ ان کے شوہروں نے لیے ہیں ،ذرائع کے مطابق صوبے میں تعینات مختلف محکموں کے افسران نے ایف آئی اے کو اپنے بیان میں کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والی ان کی بیویاں نہیں ،تحقیقات کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب بعض خواتین اساتذہ نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے کبھی پیسے نہیں لیے بلکہ انکے شوہر پیسے وصول کرتے رہے ہیں ،افسروں نے کہا کہ ہماری بیگمات نہیں یا پھر یہ خواتین ثابت کریں کہ ہم ان کے شوہر ہیں،ذرائع نے بتایا کہ مرحلہ وار طور پر خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری افسروں، ان کی بیگمات اور خواتین افسروں کو بیانات قلمبند کرنے کے لئے طلب کیا جارہا ہے ۔