لاہور(خصوصی نمائندہ،جنرل رپورٹر،خصوصی نمائندہ، نامہ نگار، 92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں )بر طانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن جمعرات کو لاہور پہنچے توان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ جوڑا شام کو واپسی کیلئے روانہ ہوا تو خراب موسم کے باعث طیارہ لینڈ نہ کر سکا جس پر انہوں نے رات لاہور میں ہی قیام کیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے کا لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر اعلی عثمان بزدار نے استقبال کیا۔اس موقع پر ننھے بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے ۔گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ نے مہمانوں کو سووینئر اور تحائف پیش کیے ۔شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی چھڑی اور پینٹنگ جبکہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کو شال اور دیگر تحائف پیش کیے گئے ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو لاہور آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔برطانوی جوڑے کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔ برطانیہ اور پاکستان ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کرچل رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے معزز مہمانوں کو پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔گورنرپنجاب چودھری سرور نے کہا برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی لاہور آمد یادگار موقع ہے ۔گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ ایس او ایس ویلیج پہنچے جہاں وہ بچوں سے گھل مل گئے ۔ شاہی جوڑے نے بچوں کیساتھ ایک گھنٹہ سے زائد وقت گزارا۔شاہی جوڑے نے ایس او ایس ویلیج کے تین بچوں کی سالگرہ تقریب میں بھی شرکت کی اور کیک کاٹا۔ شاہی جوڑے نے بچوں کیساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔برطانوی شاہی جوڑے نے بادشاہی مسجد کادورہ کیا ۔خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے شاہی مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں بادشاہی مسجد کی تاریخ کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ برطانوی شاہی جوڑے نے ننگے پائوں مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مغلیہ دور کے فن تعمیر کو سراہا۔امام مسجد نے شاہی جوڑے کو اسلامی کتب اور قرآن پاک کا ترجمہ تحفے میں دیا۔برطانوی شاہی جوڑے نے بادشاہی میں مسجد میں زمین پر بیٹھ کر قرآنی آیات بھی سنیں۔شاہی جوڑے نے اقلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار اور دیگر کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی پر ایک مختصر نشست میں بھی شرکت کی۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچے تو چیئرمین پی سی بی اور دیگر حکام نے استقبال کیا۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ نے کرکٹ بھی کھیلی۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن شوکت خانم ہسپتال بھی گئے اور کینسر کے مریض بچوں سے ملاقات کی۔برطانوی شاہی جوڑے کی لاہور میں موجودگی کے باعث سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے ۔ پنجاب پولیس کے 7ہزار اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات تھے جبکہ شاہی مہمانوں کے روٹس پر قائم عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز کوبھی تعینات کیا گیا ۔ شاہی جوڑے کی نقل و حرکت کے دوران شاہراہوں کو عام ٹریفک کیلئے مکمل بند رکھا گیا۔دریں اثناوفاقی دارالحکومت کا موسم خراب ہونے کے باعث برطانوی شاہی جوڑے کاطیارہ واپس لاہورلینڈکرگیا۔ برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن صوبائی دارالحکومت کا دورہ مکمل کرنے کے بعدطیارے پر اسلام آباد کیلئے روانہ ہوا لیکن موسم کی خرابی کے باعث کنٹرول ٹاورنے طیارے کوواپس لاہورایئرپورٹ جانے کی ہدایات جاری کردیں۔ ذرائع کے مطابق طیارے کو اسلام آبادکے دونوں ایئرپورٹس پراتارنے کی کوشش کی گئی تاہم مشکلات کے باعث کپتان نے طیارے کارخ واپس لاہورایئرپورٹ کی طرف موڑدیا۔شاہی جوڑا واپس لاہور لینڈ کرنے کے بعد موسم بہتر ہونے کی متوقع خبر کے باعث کچھ وقت لاہور ایئر پورٹ پر رکا رہا لیکن کلیئرنس نہ ملنے پر لاہور ایئر پورٹ سے سخت سیکورٹی میں رات قیام کیلئے مقامی فائیوسٹار ہوٹل پہنچ گیا ۔