اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے یوم سارک کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خطے میں غربت، جہالت، بیماری اور انڈر ڈویلپمنٹ کے خاتمے کے ضمن میں ہمارے کندھوں پر ذمہ داری ہے ، برابری اور باہمی عزت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے مؤثر اور نتیجہ خیز علاقائی تعاون کے حصول کو ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے 35ویں سارک چارٹرڈے پر سارک رکن ممالک کی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن دور اندیش رہنمائوں نے جنوبی ایشیاء کی ترقی کے لئے سارک چارٹر مرتب کیا،آج کا دن خطے سے غربت ، جہالت اور بیماری کے خاتمے کی جانب ہماری توجہ مبذو ل کراتا ہے ، پاکستان انفرادی،قومی اور خطے کی ترقی کے علاقائی تعاون کی طاقت پر یقین رکھتا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ یقین ہے برابری کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے موثر علاقائی تعاون کے حصول کو ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا8دسمبر کا وہ دن ہے جب سارک کے رہنمائوں نے جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مل جل کر کام کرنے کے عزم سے یہ چارٹر دیا، یہ دن ہمارے کندھوں پر عوام کی ذمہ داریوں اور غربت، ناخواندگی، بیماریوں اور ترقی پذیری جیسے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے توقعات کی یاد دلاتا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا پاکستان اس امرپربھی یقین رکھتا ہے کہ نتیجہ خیز علاقائی تعاون اسی صورت ممکن ہے کہ جب سارک چارٹر کے تحت برابری اور باہمی احترام کے بنیادی اصولوں پر عمل پیرا ہوا جا ئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے سارک عمل کے اس عزم کا اعادہ اور توقع کرتے ہیں کہ ترقی کے عمل میں مسلسل رخنہ ڈالنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو 16دسمبر سے بلوچستان بھر میں انسداد پولیو مہم کی قیادت کرنے کی ہدایت کر دی۔ ارسال کئے گئے خط میں وزیراعظم نے کہا اجتماعی کوششوں سے 1990کے آغاز سے پولیو کیسز کی سالانہ تعداد 20سے کم ہوکر گزشتہ برس صرف 12تک پہنچ گئی تھی لیکن وائرس کے خاتمے کاخواب ابھی تک پورا نہیں ہوا۔