لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین اے کے ڈی گروپ عقیل کریم ڈھیڈی نے کہاہے کہ اس ملک کی بہت زیاد ہ مشکلات ہیں ان کیلئے عثمان بزدارکیا کرسکتا ہے ، گیس بجلی کی چوری عروج پر ہے ، گندم کی امپورٹ ڈیوٹی فری کردیں تو مسئلہ فوری ختم ہوجائے گا، ہماری جمہوریت یہی ہے کہ کوئی بھی ایم پی اے ، ایم این اے مطمئن نہیں ہوتا ہے لیکن کیا یہ سسٹم اس طرح ٹھیک ہوجائے گا۔ پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں میزبان معید پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم کی سپلائی چین کی وجہ سے بحران آیا، مارکیٹ میں گندم موجودہے لیکن مہنگی فروخت ہورہی ہے ،سسٹم اورپالیسی کو ٹھیک کرنا ہوگا، اگر آٹے کی برآمد نہ رکی تو بحران ختم نہیں ہوگا،سارا آٹا ہی باہر چلا جائے گا،میں یہ یقین سے کہتا ہوں کہ ملک میں گندم پڑی ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ کہیں سسٹم نہیں ہے ،عمران کی سلیکشن درست نہیں ہے لیکن وہ یہ خود نہیں کررہے ہیں ان کی ٹیم کررہی ہے ۔تجزیہ کار مبشر لقمان نے کہا ہے کہ اگر معاملات سنجیدہ نہ ہوتے تو یہ لوگ اکٹھے نہ ہوتے ،لگتا ہے کہ اب پانی ان کے سرسے گزرچکا ہے اس لئے ایسا کررہے ہیں،یہ 20لوگوں کا گروپ ہے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہر اتحادی مخصوص وقت پر ناراضگی کا کیوں اظہار کررہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سے منصوبہ بندی نہیں ہوئی جس کیوجہ سے بحران آیا،آج اگر گندم منگوائی جارہی ہے تواس کوآنے میں وقت لگے گا اس وقت توہماری اپنی گندم ا ٓجائے گی یہ کون سا عقل والا کام ہے ، تحریک انصاف میں آنے والے جماعت کی برائی کررہے ہیں ۔ن لیگ کے رہنما ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی میں کوئی فاروڈ بلاک بنانے کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ یہ حکومت تو اپنے بوجھ سے خود گررہی ہے ،اس حکومت میں کوئی ریلیف نہیں ،بزدار کچھ نہیں کررہے ہیں، پی ٹی آئی کے اپنے ا رکان بھی ان کی گورننس پر ا عتراض کررہے ہیں،مراد سعید کی جانب سے چالان میں اضافے کی وجہ سے گڈڑ ٹرانسپورٹ نے ہڑتال کی جس سے گندم کی سپلائی چین متاثر ہوئی اور آٹے کا بحران آگیا۔ تجزیہ کار عمران خان نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس گندم ہوتی تو یہ اسے مارکیٹ میں بھیج دیتے باہر سے منگوانے کی ضرورت نہ پڑتی یہ جھوٹ بول رہے ہیں، حکومت کہہ رہی تھی کہ سب کو ٹھیک کرینگے لیکن کچھ نہیں ہوا ،عمران خان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ماضی کے حکمرانوں سے مختلف ہیں لیکن ایسا نہیں ہوا وہ ماضی کے حکمرانوں جیسے ہی ہیں۔