ملتان(خصوصی رپورٹر،خبرنگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف سے بلیک لسٹ کیا جائے مگر اسے منہ کی کھانی پڑے گی، پاکستان نے منی لانڈرنگ کے خلاف بہت کام کیا ہے ،شہباز شریف نے بھی مولانا کا ساتھ دینے سے انکار کیا ہے ۔ ملتان میں نیو سبز منڈی کے نزدیک ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ قوتیں خطے میں خون خرابہ چاہتی ہیں، عنقریب ہم ایران اور سعودیہ جا کر غلط فہمیاں دور کرائیں گے ، ن لیگ کے صدر شہباز شریف ہیں اوروہ دھرنے سے اختلاف کر رہے ہیں بلاول بھٹو بھی دھرنے کی سیاست کو جمہوریت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہیں ،تحریک انصاف نے جو دھرنا دیا وہ پرامن تھا ،27اکتوبر کو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا،اسی لئے اس روزیوم سیاہ منایا جاتا ہے ،برطانیہ کا دورہ خیر سگالی ہے ۔بھارت سے بات چیت تو نظر نہیں آرہی، کشمیر کے مسئلے پر کسی تیسری قوت کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ تحریک انصاف میں کارکنوں کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ پاکستان۔قطر، سعودی عرب اور یو اے ای مدد نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔سی پیک 2پر جلد کام کا آغاز ہو رہا ہے ، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں ۔انہوں نے کہا کہ اگلی بار سندھ میں بھی تبدیلی کا پہیہ چلے گا اور پی ٹی آئی اقتدار میں آئیگی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ڈالر مہنگا ہوگا تو مہنگائی بھی بڑھی تاہم ملکی معیشت میں استحکام آ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی رائے کا احترام کرتا ہوں تاہم مجھے صوبائی نشست پر منتخب کیا جاتا تو آج ملتان کا نقشہ کچھ اور ہوتا۔ جہانگیر ترین سے کوئی اختلاف نہیں ،ان کا دل سے احترام کرتا ہوں، عمران خان کو آج بھی مخلص اور متحد دوستوں کی ضرورت ہے ۔