مظفرآباد( بیورورپورٹ ) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت عیار دشمن ہے ، ہمیں اسکی چالوں کو سمجھنا ہو گا۔مسئلہ کشمیر پر پروایکٹو اپروچ اپنانے کی ضرورت ہے ۔بھارت کے اسلامی شدت پسندی کے بیانیے کو شکست دینے کے لیے آزادجموں و کشمیر حکومت کے کردار کا تعین کیا جائے تاکہ کشمیری خود اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔بھارت کے بیانیے کو شکست دینے کے لیے بڑی محنت کرنا ہو گی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق حیدر نے کہا مسئلہ کو مقبوضہ کشمیر کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں نے زندہ رکھا ہوا ہے ،بھارت کی چالوں کو سمجھنے والی ایک ہی شخصیت تھی اور وہ حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ تھے ۔آر ایس ایس نے بی جے پی کو ہائی جیک کر رکھا ہے ۔کرتارپور کے حوالے سے دیکھنا یہ ہے کہ آیا اس سے مطلوبہ مقاصد حاصل ہو سکیں گے کہ نہیں ۔مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاون کو سو دن ہو چکے ہیں بھارت ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان میں زمام اقتدار اور فیصلہ ساز قوتوں پر منحصر ہے کہ وہ اس صورتحال سے کیسے عہدہ برا ہوتے ہیں۔