نئی دہلی(نیٹ نیوز)بھارت میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے مہاجر مزدوروں کو درپیش مشکلات اور مصائب کا سپریم کورٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے حکومت کومفت ٹکٹ اور کھانا مہیا کرنیکا حکم دیا ہے ،بھارت میں تقریباً 14 کروڑمزدورلاک ڈائون کے باعث مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے ہیں ۔عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ حکومت ایسے تمام مزدوروں کو ریل اور بسوں کا مفت ٹکٹ مہیا کرے اور سفر کے دوران ریاستیں ایسے مزدوروں کو مفت کھانا اورپانی فراہم کریں۔ سپریم کورٹ نے ملک میں مہاجر مزدوروں کو درپیش مسائل کا از خودد نوٹس لیتے ہوئے مرکز کو نوٹس جاری کیا تھا۔عدالت نے اس ضمن میں اپنے عبوری حکمنامے میں کہا ہے کہ جس ریاست سے ریل روانہ ہو، اس ریاست کو ایسے مزدور مسافروں کیلئے کھانے پینے کا انتظام کرنا ہوگا جبکہ سفر کے دوران کھانے پینے کے انتظامات کی ذمہ داری محکمہ ریل کی ہوگی۔ ایسے ہی انتظامات بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بھی کرنے ہوں گے ۔