اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہاہے کہ پاکستان کو افغانستان میں تیزی سے ابتر ہوتی صورتحال پرتحفظات ہیں۔بھارت نے ہمیشہ افغانستان میں سازشی عناصرکا کردارادا کیا۔ترجمان دفترخارجہ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم نے ہمیشہ افغانستان سے امریکہ کے ذمہ دارانہ انخلا کی بات کی، کوئی بھی ملک ہم سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا حامی نہیں۔11 اگست کو دوحہ میں ٹراییکا پلس جلاس ہوا،امید ہے ٹرائیکا پلس سے بین الافغان ڈائیلاگ آگے بڑھے گا۔پاک،امریکہ تعلقات پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل میں کہا کہ دونوں ممالک افغانستان میں امن چاہتے اور سمجھتے ہیں کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں،امریکہ کو اپنا دوست سمجھتے ہیں اور وسیع البنیاد تعلقات چاہتے ہیں۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں افغان سر زمین کا استعمال ہونا، افسوسناک ہے ۔جمعہ کو وزارت خارجہ میں مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر،وفاقی وزیر خزانہ، شوکت ترین، مشیر تجارت رزاق دائود، وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سپیشل سیکرٹری رضا بشر تارڑ، ماہرین امور خارجہ،سابق خارجہ سیکرٹریز و سفراء اور دیگر اراکین کونسل نے شرکت کی۔اجلاس میں افغانستان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر مشاورت کی گئی ۔بعدازاں وزارتِ خارجہ میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے ’’آنرز لسٹ‘‘ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ رواں سال 15 ممالک سے تعلق رکھنے والے 24 نوجوانوں کو اس لسٹ میں شامل کیا گیا ۔