لاہور(خصوصی نمائندہ،این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ بھارت نے جنت نظیر وادی کوکشمیر ی عوام کیلئے جہنم بنا دیا۔مودی سرکار نے گزشتہ کئی روز سے نہتے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے ۔مسلسل کرفیو اور کریک ڈاؤن کے باوجود بھی کشمیریوں کا جذبہ آزادی پہلے سے زیادہ بڑھا ہے اور نام نہاد جمہوریت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پیلیٹ گنز کی گولیاں بھی کشمیری عوام کی آ زادی کی تحریک کو نہیں دبا سکیں۔بھارت نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کو جوتے کی نوک پر رکھا ہے ۔عالمی برادری کو انسانی المیے سے بچنے کے لئے کشمیری عوام کا ساتھ دینا ہو گا اور اس اہم مسئلے پر دنیا کی مزید خاموشی کسی بڑے سانحہ کا باعث بن سکتی ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور قائداعظم ؒ کے ساتھی اکرام ا لحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیتے ہوئے قصور، اوکاڑہ ، بہاولنگر اور پاکپتن کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر نے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کی تکلیف میری اپنی تکلیف ہے اور اس مشکل گھڑی میں پنجاب حکومت متاثرہ دیہات کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔