نئی دہلی(اے ایف پی )بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بولنے لگا ،23ارب کے امریکی اسلحہ خریدنے کی منظور دیدی جبکہ لداخ میں بھی نئی مورچہ بندی شروع کردی گئی ہے ۔بھارت میں کسانوں کی جانب سے متنازعہ قانونی کیخلاف احتجاج اور دھرنے جاری ہیں۔ بھارتی وزارت دفاع نے چین اور پاکستان کی سرحدوں پر تعینات فوجیوں کیلئے امریکہ سے 72ہزار سیگ سوئر اسائیل رائفلز سمیت دیگر فوجی سازوسامان کی خریداری کی منظوری دی۔دفاعی حصول کونسل کے اجلاس میں اسلحہ خریداری کی تجاویز کو منظور کیا گیا۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عہدیداروں نے بتایا کہ اسالٹ رائفلز کے علاوہ بحریہ اور بھارتی فضائیہ کے لئے تقریبا 970 کروڑکی لاگت سے سمارٹ اینٹی ائر فیلڈ ہتھیار (SAAW) سسٹم بھی خریداجائے گا ۔دریں اثنا بھارتی فوج نے مشرقی لداخ کے پہاڑی علاقوں میں بکتر بند گاڑیاں بھاری اسلحہ ، گولہ بارود ، ایندھن ، غذا اور سرما میں استعمال ہونے والی ضروری اشیا کو جمع کرنا شروع کردیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کئی د ہائیوں بعد فوج کی سب سے بڑی حکمت عملی پر مبنی کارروائی ہے ۔ فوج کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ شدید سرما کے موسم میں جنگ کی صورت میں خود کو تیار رکھیں ۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ایم ایم نروانے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اعلی کمانڈرس کے گروپ نے اسلحہ و گولہ بارود کی تعیناتی کا شخصی طور پر جائزہ لیا ہے ۔