لاہور(این این آئی ) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ سے ہی ملکی معیشت مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا،برآمدات میں اضافہ ہوگا تو حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور ملک کو قرضوں سے نجات ملے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کے باوجود پاکستانی اشیاء کی برآمدات میں مسلسل 2ماہ سے منفی نمو دیکھی گئی ہے جبکہ حکومت اقدامات ابھی تک نہیں اٹھائے گئے ۔پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادو شمار کے مطابق برآمدات میں کمی گزشتہ برس دسمبر سے ہونا شروع ہوئی جب یہ 3.8فیصد تک گرگئی اور جنوری2020میں برآمدات منفی 3.17فیصد ہوکر ایک ارب 97 کروڑڈالر ہوگئی جبکہ گزشتہ برس کے اسی ماہ کے دوران یہ 2ارب 3کروڑ ڈالر تھیں۔ جبکہ مہنگائی میں بھی بے تحاشاہ اضافہ ہورہا ہے جس سے عوام کی قوت خرید متاثر ہورہی ہے ۔