کراچی (سٹاف رپورٹر) برطانیہ کے شہر برائٹن کے سیفورڈ ٹاؤن کی پاکستان نژاد میئر نازش عادل نے کہا ہے کہ ان کو پاکستان آکر اچھا لگا، کراچی میں تجاوزات کے خاتمے سے صدر اور پرانے شہر کے علاقے کشادہ اور خوبصورت ہوگئے ہیں، برطانیہ میں بلدیاتی ادارے زیادہ بااختیار اور مقامی سطح کے پالیسی ساز ہیں، میئر اعزازی ہوتا ہے مگر بیوروکریسی اس کے ماتحت اور احکامات ماننے کی پابند ہے ، سرکاری وسائل خرچ کرنے کا ایک قانونی طریقہ کار ہے اس معاشرہ میں کرپشن کا تصور بھی نہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس ٹاؤن کی وہ میئر ہیں وہاں دوسرا کوئی پاکستانی نہیں، پوری کونسل میں تین ایشیا ئی رکن ہیں جن میں دو کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے ۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی پاکستان میں ہی حاصل کی، برطانیہ کے شہر برائٹن میں منتقل ہوئی اور سماجی کاموں کی وجہ سے برطانوی معاشرے نے ان کو اتنی عزت دی کہ ٹاؤ ن کا میئر منتخب کیا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستانی خاتون برطانیہ کے اہم ترین اور سیاحتی ٹاؤن کی میئر منتخب ہوئیں، میں کراچی کے عوام کی جانب سے انہیں کراچی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔