واشنگٹن (آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی اقوام سے کہا ہے کہ وہ شام میں گرفتار اپنے سینکڑوں جہادیوں کو واپس لیں داعش کی قائم کردہ خلافت کا خاتمہ جلد ہو جائے گا۔ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے علاوہ دیگر یورپی ممالک سے کہا کہ وہ داعش کے گرفتار ہونے والے 800 جہادیوں میں سے اپنے اپنے شہریوں کو اپنی تحویل میں لے کر اْن پر اپنے ہاں ہی مقدمات چلائیں۔ امریکی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے ان جہادیوں کی شام میں موجودگی کو ایک بڑا خطرہ قرار دے رکھا ہے ۔ یہ جہادی سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے قبضے میں ہیں۔ ٹرمپ نے دسمبر میں اندازاً2000امریکی فوجیوںکے انخلاء کا اعلان کرکے اتحادیوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے اعلان کے بعد پیچیدہ صورتحال کا سامنا ہے اور انہیں اپنے فیصلے پر عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ ان کی انتظامیہ اس مقدمے کا سپریم کورٹ میں کامیابی سے دفاع کر لے گی، وائٹ ہاؤس کی جانب سے پریس ریلیز میں امریکی صدر کی جانب سے جنوبی سرحد پر ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے ایک گھنٹے بعد ہی امریکی سول لبرٹیز یونین نے اس فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا اس اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جنوبی سرحد پر بارڈر سیکیورٹی اور انسانی بحران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر نیشنل سیکیورٹی کو خطرہ ہے جس کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔