لندن(نیٹ نیوز)بینک آف انگلینڈ 40 ارب پاؤنڈ مالیت کے کاغذ کے نوٹ ختم کرنے کا عمل شروع کر رہا ہے اوربرطانیہ میں 20 پاؤنڈ کا نوٹ عنقریب کھاد کی صورت اختیار کر جائیگا جبکہ ان نوٹوں کی جگہ پولیمر کے بنے 20 پاؤنڈ لے لیں گے ۔اس عمل کے دوران کاغذ کے تقریباً 2 ارب نوٹ سرکولیشن سے نکالے جائینگے ۔برطانیہ کے دو تہائی نوٹوں کی ذمہ دار ’جی 4 ایس‘ سے تعلق رکھنے والے مارک سانڈرز نے بتایا کہ 2 ارب نوٹوں کی تبدیلی برطانوی تاریخ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کارروائی ہو گی لیکن عوام کو شاید اسکا پتہ بھی نہ چلے ۔ اکانومسٹ ایڈم سمتھ کی تصویر والے 20 پاؤنڈ کے نوٹ گردش سے نکالے جا رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے جو 20 پاؤنڈ کا نوٹ بینکوں کو یا دکانداروں کی طرف سے کیش سنٹروں کو دیا جائے گا دوبارہ استعمال نہیں ہو گا،اس کارروائی میں کئی ماہ لگیں گے ۔ لیکن جب نوٹوں کی ایک قابل ذکر تعداد سرکولیشن سے نکل جائے گی تو بینک آف انگلینڈ باقی نوٹوں کی واپسی کے لیے چھ مہینے کا نوٹس دے گا۔لندن کی ایک گلی میں ایک انتہائی محفوظ گودام میں نوٹ چھانٹنے کی دو بہت بڑی مشینیں ہیں جو منٹوں میں ہزاروں نوٹ گن سکتی ہیں۔