واصو آستانہ،نوشہرہ وادی سون(نامہ نگاران)برفانی تودے کی زد میں آکر شہید ہونے والے دو فوجی جوانوں کو نمازجنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وادی سون موضع جابہ کا نوجوان رفاقت ولد محمد ممتاز جو کہ چار سال قبل پاک آرمی میں بھرتی ہوا اور ریکروٹمنٹ مکمل کرنے کے بعد وادی لیپا آزاد کشمیر میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا گزشتہ روز وادی کشمیر کے علاقہ لیپا میں حالیہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے اچانک برفانی تودے کی زد میں آ کر شہید ہو گیا انکی آج نماز جنازہ انکے آبائی گاؤں جابہ میں ادا کی گئی جس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اورر سلامی کے بعد پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں انکے لواحقین محمد ارشدمحمود کو شہید کی یونیفارم اور بیجز دئیے گئے ۔نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے افسران ،صحافی اور معزز ین علاقہ نے شرکت کی۔ انکے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ بیٹے کے شہادت پر جتنا دکھ ہے اس سے زیادہ خوشی بھی ہے کہ ہمارا بیٹا وطن پر قربان ہو گیا ۔ نماز جنازہ میں مقامی پولیس،ضلعی انتظامیہ اور ضلع خوشاب کی کسی بھی سیاسی شخصیات نے شرکت نہ کی ۔علاوہ ازیں اٹھارہ ہزاری کے نواحی علاقہ کلیار والا کا رہائشی پاک آرمی کا جوان شہزاد اکرم کلیار سکردو میں برفانی تودا گرنے سے شہید ہو گیا، شہید کی نمازجنازہ گلگت بلتستان میں ادا کردی گئی،شہید جوان کو آبائی گاؤں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔