بیروت (اے ایف پی،نیٹ نیوز)لبنان کے دارالحکومت بیروت میں زور دار دھما کوں سے ہلاکتیں 135ہوگئیں پاکستانی سفارتخانہ بھی متاثر ہوا ہے ۔دھماکوں سے بندرگاہ کا بیشتر حصہ تباہ ہو گیا جبکہ زخمیوں کی تعداد 5000سے تجاوزکرگئی جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں صدر لبنان مشیل کا کہنا ہے کہ 2750ٹن ذخیر ہ امونیم نائٹریٹ سے دھماکے ہوئے ۔ اے ایف پی کے مطابق بیروت کے گورنر نے بتایا کہ دھماکوں کے باعث 3 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں، آدھا شہر تباہ ہو گیا ہے جبکہ نقصان کی مالیت کا اندازہ 5 ارب ڈالر تک لگایا گیا ہے ۔بیروت کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا،ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم اور انکے شوہر شہزادہ فلپ نے دھماکوں پر گہرے دکھ کا اظہارکیا ،امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی جنرلز کو لبنان میں ہونے والے دھماکے بم حملے لگتے ہیں،مینوفیکچرنگ دھماکے اس طرح کے نہیں ہوتے لہذا یہ بم دھماکے کی ایک قسم لگتے ہیں۔ لبنانی صدر نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے 100 ارب لیرا جاری کر رہی ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں ،جرمن سفارتخانے نے اس واقعے میں اپنے عملے کے زخمی ہونے کی تصدیق ٹوئٹر پر کی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے امن مشن کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں،متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور سینکڑوں افراد لاپتہ بھی ہیں، بندرگاہ کے علاقے میں کئی گاڑیاں اڑ کر عمارتوں کی تیسری منزل پر جا گری تھیں،بیروت کے گورنر نے بندر گاہ پر ہونے والے دھماکوں کو ہیرو شیما جیسی تباہی قرار دیا ہے ۔نیٹ نیوز کے مطابق روسی تاجر سے 6سال قبل ضبط کی گئی امونیم نائٹریٹ کی کھیپ میں دھماکہ ہونے کے باعث بیروت تباہ ہوا،حکومت نے واقعے کے بعد تمام افسران اور عملے کو گھروں میں قید کرکے باہر فوج تعینات کردی ہے ۔اقوام متحدہ کے خصوصی ٹربیونل نے بیروت دھماکوں کے بعد سابق وزیراعظم رفیق حریری کے قتل کیس کا فیصلہ 18 اگست تک موخر کر دیا،اسرائیلی شہر تل ابیب کے سٹی ہال کو لبنان سے اظہار یکجہتی کیلئے لبنانی پرچموں کے رنگوں سے سجایا گیا۔یورپی یونین، برازیل اور اردن نے امدادی کارکن اور سامان لبنان بھیجنے کا اعلان کیا جبکہ فرانس نے امدادی کھیپ روانہ کر دی ہے ، فرانسیسی صدر میکغوں نے جلد ہی بیروت کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ پاکستان نے بیروت میں دھماکوں پر لبنانی حکومت اور عوام سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بیروت میں موجود پاکستانی کسی بھی مدد کیلئے پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔سفارتی حکام کے مطابق بیروت میں مقیم پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں اور پاکستانی سفارتخانے نے معلومات کیلئے ہاٹ لائن نمبر بھی 0096176866609 جاری کردیا ہے ۔