لاہور(سٹاف رپورٹر،نامہ نگارخصوصی،وقائع نگار،ایجنسیاں،92نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور پرنسپل سیکرٹری کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات لگانے پر مسلم لیگ ن کی ایم پی اے عظمیٰ بخاری کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عظمیٰ بخاری کو 25 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجو ا دیا ۔ وزیراعلیٰ کی قانونی ٹیم کی جانب سے عظمیٰ بخاری کو ہتک عزت کا لیگل نوٹس بھجوایا گیا ہے ۔متن میں کہا گیا کہ 14 دن میں بے بنیاد الزامات پر معافی مانگی جائے ورنہ قانونی کارروائی کاسامنا کرنا ہوگا۔ادھر پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں عظمی بخاری نے کہا کہ بابائے ہتک نوٹس عمران خان شہباز شریف کے نوٹس کا جواب بھی دیدیں تاکہ جلد فیصلہ ہو جائے ۔عثمان بزدار کا نوٹس موصول ہوا پریس کانفرنس میں حقائق پر معافی کا مطالبہ کیا، اﷲ کے سوا کسی سے معافی نہیں مانگتی کسی سے نہیں ڈرتی۔معافی وزیر اعلی کو مانگنی چاہئے جنہوں نے جھوٹے وعدے کئے ۔میری معافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، خواہش ہے کہ عدالت جاکر سکینڈلز بتاؤں۔میں آپ کا عدالت میں انتظارکرونگی۔عدالت میں بتاؤں گی شراب لائسنس سکینڈل میں وعدہ معاف کا کیا گیا۔راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل میں میٹنگز منٹس غائب کرانے کی کوشش کی۔میں وزیر اعلیٰ کے نوٹس پر جشن کروں گی،باجی اور بزدار مجھ سے بہت چڑتے ہیں۔