لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ عوام کیلئے عثمان بزدار اور میں دونوں ہی نئے تھے میری عمران خان نے ان کے ساتھ ڈیوٹی لگائی اورانہوں نے ہی مجھے پنجاب سے وفاق میں بلایا،ہوسکتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میری کارکردگی سے خوش نہ ہوں ، وہ اچھا کام اور پارٹی کا ایجنڈا پورا کررہے ہیں ۔پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں اینکر معید پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں صرف شہبازشریف پنجاب میں نظر آتے تھے ، اب ایسا نہیں ، اگر اورنج ٹرین کو بغیر سبسڈی کے چلایا جائے تو کرایہ 285روپے ہوگا ، سب سے زیادہ فائدہ میڈیا کا تحریک انصاف کوہوا لیکن میڈیا کو اپنے کردار کے بار ے میں بھی سوچنا چاہئے ۔ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ بزدار کی اپنی کوئی حیثیت نہیں، وہ صرف اورصرف عمران کے کہنے پر ہی چلتے ہیں، صوبے کو وفاق سے کنٹرول کیاجارہاہے اوربیوروکریسی بھی اپنی مرضی سے کام کرتی ہے ۔تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا ہے کہ بزدار ،عمران کی ضد ہے جوان کی پارٹی اور پنجاب کو بھی نقصان پہنچائے گی کیونکہ وہ ڈیلیور نہیں کرسکتے ، حکومت کو یہ جانناچاہئے کہ پیرس، لندن اورنیویارک میں چلنے والی ٹرانسپورٹ پر کتنی سبسڈی دی جاتی ہے ، اگر حکومت نے پیسہ بچاناہے تو سرکاری اداروں سے بچائیں، ہمیں سوشل میڈیا کوبھی ریگولیٹ کرناچاہئے ۔ امریکہ میں پاکستانی نژاد امیدوار امریکی کانگریس لئیق رحمان نے کہا کہ ہیوسٹن میں ہماری اچھی پوزیشن ہے یہاں پرہمارے 17 ہزار کے قریب کمیونٹی ممبرزہیں ، میں اس لئے الیکشن میں کھڑا ہوا ہوں کہ اپنی کمیونٹی کی ذمہ داری پوری کروں ،الیکشن جیت کر انکی خدمت کرونگا ۔