فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) نقیب الاشراف سید خالد عبدالقادر منصور الگیلانی نے کہا ہے کہ حضرت سیدنا غوث اعظمؒ و دیگر بزرگان دین کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں، ہماری نئی نسل کو ا ن تعلیمات سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں منعقدہ اسلامی سیمینار میں نقیب الاشراف سید خالد عبدالقادر منصور الگیلانی سجادہ نشین دربار شہنشاہ بغداد شریف بطو ر مہمان خصوصی تشریف لائے ۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا غوث اعظم ؒ و دیگر بزرگان دین کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں،نئی نسل کو ا ن تعلیمات سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے طالبات سے اپنے خطاب میں کہا کہ دین اسلام میں حصول علم کی جس قدر تاکید کی گئی ہے کسی اور مذہب میں اسکی نظیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلام میں خواتین کیلئے تعلیم کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا اور بالخصوص ہیلتھ سائنسز کی طالبات پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم کے حصول کے بعد شعبہ طب میں دکھی انسانیت کی خدمت کر نے کا عزم کریں۔ یونیورسٹی کے ممبر بورڈ آف گورنرز میاں محمد عثمان ، پروریکٹر ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید، رجسٹرار میجر (ر) اظہار الاحسن، مدینہ فائونڈیشن کے ٹرسٹی محمد حیدر امین دیگر فیکلٹی ممبران و طالبات کی کثیر تعداد سیمینار میں شریک تھی۔