کراچی(کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدرشیخ عمر ریحان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے کیے جانیوالے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کاٹی کے سابق سینئر نائب صدر سلمان اسلم کی جانب سے ایس ایم منیر کے اعزاز میں دیے گئے طہرانے میں تاجر و صنعتکاروں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان کا کہناتھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے صنعتوں کے لیے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور اسی کی وجہ سے ہماری برآمدات بھی براہ راست متاثر ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہ وزیر اعظم عمران خان نے صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے لیے اقدامات کو ہمیشہ اہمیت دی ہے تاہم ہم اس سلسلے میں نمایاں پیش رفت کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صنعتیں بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔