لاہور(کامرس رپورٹر) ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے بزنس کمیونٹی کے لیے ٹیکس سسٹم میں آسانیاں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایک بیان میں خواجہ خاور رشید نے کہا کہ اگر حکومت ٹیکس پیئرز کی تعداد بڑھانا اور اپنے ریونیو میں اضافہ کرنا چاہتی ہے تو اس کے لیے ٹیکس سسٹم میں سہولت فراہم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ٹیکس سسٹم کی وجہ سے اکثر لوگ اسے سمجھ نہیں سکتے جس کی وجہ سے وہ ٹیکس سسٹم کا حصہ نہیں بنتے ۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹریڈرز کی سہولت کے لیے ٹیکس ریٹرن فارم کو اردو میں دے تاکہ ہر کوئی اسکو آسانی سے سمجھ کر اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس دے سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر ٹریڈرز سے عزت اور احترام کے ساتھ ٹیکس لے تو لوگ خود بخود ٹیکس سسٹم کا حصہ بنیں گے ۔