لاہور(اشرف مجید)پنجاب بھر کے جنرل بس سٹینڈز پر حکومت کے بنائے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا بند اور اوور چارجنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ، اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کی جانب سے بھی چیکنگ کا عمل روک دیا گیا جس پر پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے تمام ڈی سی اوز سمیت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو فوری کارروائی کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی چودھری محمد اقبال کی جانب سے لاہور سمیت کئی شہروں میں موجود جنرل بس سٹینڈز کا اچانک دورہ کیا گیا جس کے دوران معلوم ہوا کہ کورونا ایس او پیز جس میں خاص طور پر مسافروں کو بسوں میں بیٹھنے سے قبل تین فٹ کا فاصلہ رکھنا لازم ہے پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی گاڑیوں کو ڈس انفیکڈ کیا جا رہا ہے ، مسافروں سے اوورچاجنگ کی بھی بے پناہ شکایات تھیں جس پر گزشتہ روز پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے تمام اضلاع کے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ڈی سی اوز کو مراسلہ نمبرTAI-2020\67 جاری کیا گیا ہے جس میں تمام افسران کوکہا گیا ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے چیکنگ کا عمل تیز کریں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بنا کر پی ٹی اے آفس بھجوائیں ، مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ زائد کرایہ وصولی کی شکایات پر متعلقہ بس کمپنی کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے ۔