لاہور(سلیمان چودھری )لاہور کے بعض سرکاری و پرائیویٹ ہسپتال ڈینگی مریضوں کے ڈیٹا پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو فراہم کرنے میں کوتاہی برتنے لگے ۔ڈینگی بخار کے مریض سامنے آنے کے باوجود بھی 19پرائیوٹ و سرکاری ہسپتال کی مریضوں کے کوائف کے حوالے سے رپورٹنگ انتہائی ناقص ہے ۔ کمشنر لاہو ر کی جانب سے ان ہسپتالوں کی لسٹ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو بھجوا دی گئی ہے ۔چند دن قبل کمشنر لاہور کے دفتر میں ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا جس میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ ہسپتال جن میں شیخ زاید ہسپتال ، سوشل سیکورٹی ہسپتال ، غازی آباد ہسپتال ، سمن آباد ہسپتال، مناواں ہسپتال ، ٹی ایچ کیو رائے ونڈ ہسپتال اور کاہنہ نو ہسپتال شامل ہیں وہ مریضوں کے ڈیٹا کے حوالے سے رپورٹنگ کم کر رہے ہیں ۔ اسی طرح پرائیوٹ ہسپتالوں کی رپورٹنگ کی کاکردگی ناقص ہے ۔کمشنر لاہور کی جانب سے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے درخواست کی گئی کہ وہ ہسپتالوں میں ڈینگی کاونٹر بنائیں اور وارڈ ز کو فعال رکھا جائے ۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر نے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کو ڈینگی کے حوالے سے ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔ ہدایات میں کہا گیاہے کہ ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس فعال رکھیں جائیں ۔ڈینگی کاونٹرز فعال رکھیں۔ہسپتالوں میں ڈینگی مچھر کے حوالے سے ممکنہ جگہوں پر نظر رکھی جائے اوران کا خاتمہ کیا جائے تا کہ ڈینگی پیدا نہ ہو۔