بغداد ( نیٹ نیوز ) عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہوائی اڈے کے قریب 2 راکٹ حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں 6 فوجی زخمی ہوئے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 2 مارٹر بم عراق میں بلد فوجی اڈے کے اندر گرے تھے جہاں موجود امریکی فوج کو نشانہ بنایا گیا۔ بلد ایئربیس بغداد کے شمال میں 80 کلو میٹر دور ہے جہاں امریکی فوج اور ا س کے کنٹریکٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے ۔دوسری جانب عراق کے شہر کربلا میں ایک سول سوسائٹی کارکن فاہم الطائی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ادھر عراق کی عدلیہ نے مظاہروں کے دوران حراست میں لئے گئے 2626 پرامن مظاہرین کو رہا کردیا ہے ۔ دوسری طرف بغداد میں طلبا کی بڑی تعداد نے مظاہرین کے قتل عام کی تحقیقات کیلئے جلوس نکالے ۔دریں اثنا عراقی دارالحکومت بغداد میں جاری مشترکہ آپریشن کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل قیس محمود عاوی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔ محمود عاوی کی جگہ اب جنرل عبدالحسین التمیمی کو فائز کیا گیا ہے ۔