لاہور(کلچرل رپورٹر)معروف گلوکار بلال سعید اور گلوکارہ مومنہ مستحسن کا نیا پنجابی گانا ’’ باری‘‘ ٹاپ ٹین میں پہلی پوزیشن پر آگیا۔ سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں گانے کی دھوم جبکہ ٹک ٹاک صارفین نے گانے پر ویڈیو سب سے زیادہ اپلوڈ کی ہے ۔ اس گانے میں گلوکارہ مومنہ مستحسن نے گلوکار بلال سعید کے ساتھ پرفارم کیا ہے ۔پنجاب کی روایتی ثقافت سے سجے گانے میں مومنہ اوربلال سعید کی متاثرکن پرفارمنس ہے ۔گانے کی ویڈیو میں بلال اور مومنہ کی رومانوی کہانی کو پیش کیا گیا ہے جبکہ اس کی شوٹنگ لاہور میں کی گئی ہے ۔ویڈیو میں دکھایا گیا کہ بلال بیرون ملک سے واپس آئے ہیں اور مومنہ کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب ہیں۔یادرہے کہ اس گانے سے قبل مومنہ مستحسن کا ایک اور گانا ’’ہمیشہ‘‘ ریلیز ہوا تھا جس میں انہوں نے گلوکار عزیر جسوال کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔