اسلا م آباد ،لاہور،چکوال،کراچی،حیدرآباد، تھرپارکر، پشاور،کوئٹہ ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید40افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7843ہو گئی جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 37 مریض ہسپتالوں میں اور3گھروں میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوئے جبکہ 3306نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد386198ہوگئی جبکہ فعال کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور انکی تعداد43963 ہو گئی،1968مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور334392صحتیاب ہو چکے ۔اسلام آباد میں مزید 6،سندھ میں مزید8،خیبر پختونخوا میں مزید5 ،بلوچستان میں مزید1 ، آزاد کشمیر میں مزیدایک اموات ہوئیں ۔دریں اثناسوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ خود کو قرنطینہ کر چکا ہوں، وبا کی معمولی علامات ہیں،ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد طبی معائنہ کیا گیا اور ڈاکٹرز نے صحت کو تسلی بخش قرار دیا ۔ اپنی رہائش گاہ سے کام جاری رکھوں گا اور پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرونگا۔ جیالے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں کیساتھ ماسک کے اہتمام کریں، میں آپ کا جلسے میں منتظر ہونگا۔ عوام سے بھی اپیل ہے کہ ماسک ضرور پہنیں۔ذرائع کے مطابق بلاول کے ذاتی سٹاف کے ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں۔ بلاول ہا ئوس کے بعض ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید19مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ720نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں مزید273مریض رپورٹ ہوئے ،قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اورسیاستدان اختررسول بھی کوروناکاشکارہوگئے ،وہ نجی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں اور دعائوں کی اپیل کی ہے ۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا کی دوسری لہر سے ہسپتالوں میں مریض بڑھ رہے ہیں، صوبہ کے مختلف سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں 1071 مریض زیر علاج ہیں۔ آئی سی یو میں 132 مریض وینٹی لیٹرز پرہیں ، ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس میں 432 مریضوں کی آکسیجن سپلائی سے سانس بحالی کی جا رہی ہے ۔ سروسز ہسپتال لاہور کا کورونا آئی سی یو مریضوں سے بھر گیا ۔ لاہور کے ہسپتالوں میں 50 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ، 100 ہائی ڈییپنڈینسی یونٹ اور 25 آئسولیشن وارڈ میں ہیں ۔ادھرنشتر ہسپتال ملتان میں مزید6 مریض جاں بحق ہوگئے ۔ چکوال میں 3افراد جاں بحق ہوگئے ۔حکومتی اعلان کے مطابق گزشتہ روز سے تمام تعلیمی ادارے 10 جنوری تک بند کردیئے گئے جبکہ بلوچستان کے تعلیمی ادارے 28 فروری تک بند رہیں گے ۔سندھ حکومت نے مارکیٹیں رات 8بجے تک کھولنے کی اجازت دیدی۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق دکان مالکان اورشہری ایس اوپیزکاخیال رکھیں۔تمام دکانداراورخریدارلازمی طورپرماسک پہنیں۔ امیدہے مارکیٹ ایسوسی ایشن ایس اوپیز پر عمل کرائیگی۔ادھرحیدرآباد میں مزید ایک شخص جاں بحق ہوگیا اور مزید 114 مریض سامنے آگئے ۔ ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر گوردن داس اور کورونا کے متعلق ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر انیل کمار کے مطابق ضلع میں مزید13 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔دنیا بھر میں ہلاکتیں14لاکھ35ہزارسے زائدہوگئیں۔امریکہ میں کورونا سے ہر روز 2 ہزار سے زائد اور ہر 3 منٹ میں 4 اموات ہونے لگیں، ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد 87 ہزار تک پہنچ گئی۔صرف کیلیفورنیا میں 2 ہفتوں کے دوران زیرعلاج مریضوں کی تعداد 81 فیصد بڑھ گئی۔امریکی طبی حکام اور سیاستدانوں نے شہریوں سے تھینکس گیونگ تہوار پر گھروں پر رہنے کی اپیل کی ہے ۔ادھر برطانیہ اور فرانس میں کرسمس کے تہوار کی وجہ سے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ کینیڈا کے صوبے البرٹا میں بند جگہوں پر اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی۔برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں 8 ماہ بعد سکول جزوی کھول دیئے گئے ۔ بھارت میں کورونا متاثرین کی تعدا د 93لاکھ اور اموات کی تعدادساڑھے 13لاکھ سے بڑھ گئی۔بھارت نے وباکے باعث بین الاقوامی مسافر پروازوں پر پابندی میں31 دسمبر تک توسیع کر دی ۔جرمنی میں موجودہ جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کر کے ریسٹورنٹس، تھیٹر اور تفریحی مقامات کی بندش کو مزید برقرار رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔ 20 دسمبر تک سماجی رابطے کی پابندیاں ایک بار پھر سخت کردی گئیں۔ نجی اجتماعات دو گھرانوں سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ پانچ افراد تک محدود ہونگے جبکہ 23 دسمبر اور یکم جنوری کے درمیان نجی اجتماعات میں زیادہ سے زیادہ دس افراد کو اکٹھا ہونے کی اجازت دی گئی ہے ۔